Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرمایہ کاری کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، 24 نکاتی ایجنڈے پر غور

 نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت سرمایہ کاری کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 24 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس ہوا، اجلاس تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہا۔

اجلاس میں نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے نجکاری امور پر بریفنگ دی جبکہ ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کو ایف بی آر کی تشکیلِ نو پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی اجلاس میں 24 نکاتی ایجنڈے، سرکلرڈیٹ اور دیگر اہم امور پرغور کیا گیا جبکہ اجلاس میں یو اے ای اور کویت کے ساتھ سرمایہ کاری معاہدوں پر پیشرفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس کو بجلی چوری اور متبادل توانائی کے معاہدوں، سرکلر ڈیٹ، آر ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری پر بریفنگ دی گئی۔

ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی میں ایران گیس پائپ لائن پروجیکٹ پر بھی بات چیت ہوئی اور نئے گھریلو صارفین کے لیے نئی ایل این جی سپلائی پالیسی پیش کی گئی، اس کے علاوہ دیگر رپورٹس بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔

کمیٹی نے اجلاس میں اسٹریٹیجک کنالز ویژن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دی۔

آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے ملک میں معاشی استحکام اور لوگوں کی معاشی و سماجی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے بھرپور ساتھ کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس کے اختتام پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، تمام وزارتوں، اداروں اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے معاشی اہداف کے حصول میں نگران حکومت کی معاونت اور مستقبل کیلئے ایک عمدہ مثال قائم کرنے میں کردار کی تعریف کی۔

سرمایہ کاری کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس میں آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ، چاروں چیف سیکریٹریز، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین واپڈا، چیئرمین نادرا اور ایف بی آر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس سے قبل وزیراعظم ہاؤس آمد پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

متعلقہ خبریں