امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو پوری قوم کا امتحان ہے، نواز ، زرداری کی سیاست کا خاتمہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
فٹبال گراؤنڈ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ایسا پاکستان چاہتی ہے جو کسی کا غلام نہ ہو،ایسا پاکستان جس میں غربت، مہنگائی بدامنی نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ انگریز کے جانے کے بعد ان کے ایجنٹ مافیا نے سیاست اور اداروں پر قبضہ کیا پاکستان پر جن لوگوں نے باریاں لیکر حکمرانی کی وہ پھر شہر شہر پھر کر دوبارہ حکمرانی کیلئے مافیاں مانگ رہے ہیں، ان کی وجہ سے عدالتی نظام تباہ ہوا۔ انہی حکمرانوں نے عوام کے ہاتھوں میں قرض کی ہتھکڑیاں ڈالیں جبکہ نواز، زرداری کی سیاست ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عدالتوں میں انگریز کے قانون کی بجائے قرآن کا نظام چاہتی ہے، انگریز چلا گیا ان کے ایجنٹوں نے انگریز کا نظام مسلط رکھا ہوا ہے، جماعت اسلامی معیشت کو ٹھیک اور روزگار فراہم کرنے خواہاں ہیں جبکہ اگر عوام سودی نظام چاہتے ہیں تو ن اور پی پی پی کو ووٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نہتے عوام پر بارود کی بارش ہو رہی ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو مسجد اقصیٰ کا دفاع کرنیوالوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے جبکہ گوجرانوالہ میں مسائل بے شمار ہیں، جماعت اسلامی حکومت میں اکر ان مسائل کا خاتمہ کریگی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ نیب اور عدالتیں ان چوروں کا احتساب نہیں کر سکیں لیکن جماعت اسلامی ان کا احتساب کریں گے، عوام ان کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے آٹھ فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔



















