Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

8 فروری کو منتخب ہوکر نفرت کی سیاست کو دفن کروں گا، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو منتخب ہوکر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کروں گا۔

پیپلزپارٹی کے  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شکار پور میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی تقسیم کے عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں،8فروری کو انشااللہ تیروں کی بارش ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سازش کو نہیں مانتے، میری اپیل سے شکارپور سے100فیصد نشستیں چاہئیں، اکثریت دلائیں گے تو عوام کے مسائل حل کرنا آسان ہوگا۔

پیپلزپارٹی کے  چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہمارے مخالف 3نسلوں سے مذہب اور فرقے کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں، پی پی کے مخالف آپ کو لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شکار پور کے عوام جانتے ہیں ملک مشکل میں ہے، پیپلزپارٹی 3 نسلوں سے مہنگائی کا مقابلہ کررہی ہے، پی پی کی حکومت قائد عوام کا مشن پورا کریگی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کیلئے مشہور تھا کہ بینظیرآئے گی روزگار لائے گی، ہم بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے، ہم نوجوانوں کے لیے روزگار کا انتظام کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے معاشی پلان تیار کرلیا، عوام جانتے ہیں ملک کو مسائل سے صرف پی پی ہی نکال سکتی ہے، 8 فروری کو منتخب ہوکر تقسیم اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ کردوں گا۔

جلسے کے آخر میں آصفہ بھٹو نے وزیراعظم بلاول کے نعرے بھی لگوائے اور اپنی تقریر میں کہا کہ اگر معاشی بحران کا خاتمہ کرنا ہے تو بلاول کو وزیراعظم بنانا ہوگا۔

متعلقہ خبریں