سندھ ہائیکورٹ نے عوامی مقامات پر بل بورڈز لگانے کے خلاف درخواست کی سماعت کر کے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے عوامی مقامات پر بل بورڈز، پینا فلیکس، ہورڈنگز لگانے کے خلاف درخواست کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کی دائرہ اختیار میں عوامی مقامات سے سائن بورڈنگ اور اشتہارات ختم کر دیے گئے ہیں، میئر کراچی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ بھی کارروائی جاری رکھی جائے گی، کے ایم سی کو پیڈسٹرین پل پر اشتہار لگانے کی اجازت ہے، اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی پیڈسٹرین پل کی مرمت کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق شہر کی بہبود کیلئے کے ایم سی کو اشتہارات کیلئے جگہ مختص کرنے کا اختیار ہے، میئر کراچی نے آئندہ سماعت پر متعلقہ قوانین اور اشتہارات کے معاہدے پیش کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، میئر کراچی نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ عوامی مقامات پر سیاسی جماعتوں یا امیدواروں کے بینر، تصاویر یا پرچم غیر قانونی ہیں۔
تحریری حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر لاء نے عدالت کو بتایا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صرف میں الیکشن کمیشن امیدوار یا جماعت کے خلاف کارروائی کی جائے گی، میئر کراچی نے نکتہ اٹھایا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اپنی حدود میں عوامی مقامات پر اشتہارات کی اجازت دے رہے ہیں، میئر کراچی کے مطابق ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو اشتہارات کی اجازت دینے کا اختیار نہیں ہے، ٹی ایم سی کے وکیل نے میئر کراچی کی تائید کی۔
عدالت کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز نے بھی معاملے سے متعلق علیحدہ رپورٹ پیش کیں، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لئے ضروری کارروائی کی گئی ہے، ڈپٹی کمشنرز کی ٹیمیں صورتحال مانیٹر کر رہی ہیں، خلاف ورزی کی صورت میں ایف آئی آر سمیت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تمام رپورٹوں کے باوجود درخواست گذار کا موقف ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گذار نے عدالت میں تصاویر بھی پیش کیں، عدالت حکام کو عدالتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیتی ہے، حکام آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ اور تصویری شواہد پیش کریں۔
عدالت نے تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشز کو تاحکم ثانی عوامی مقامات پر اشتہارات کی اجازت دینے سے روک دیا، آئندہ سماعت پر تمام ٹی ایم سیز سے اشتہارات سے متعلق معاہدے پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔



















