گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے الحمرا آرٹس کونسل میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
گورنر پنجاب نے اس موقع پر ایک تصویری نمائش کا افتتاح کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی کی قیادت کی، سیکریٹری انفارمیشن اینڈ کلچر دانیال سلیم گیلانی، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز روبینہ افضل، حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود بھی موجود تھے
تقریب س خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آئی سی، اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام فورمز پر مسلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ انصاف اور اچھائی میں بھلائی ہے، مسئلہ کشمیر حل ہوگا تو ہندوستان کے لیے بھی بہتر ہے، ظالم کو ظلم سے روکنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ آج کینیڈا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک ہندوستان کے مذموم مقاصد سے آگاہ ہو چکے ہیں، آج پاکستان کے کروڑوں عوام سمیت دنیا بھر میں بسنے والے لاکھوں کشمیری ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ حملے اور قبضے کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر منارہے ہیں۔
محمد بلیغ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل سکے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا، اقوام عالم مسلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے بے کس عوام اقوام متحدہ اور دنیا کی فوری امداد اور اعانت کے منتظر ہیں، جنوبی افریقہ کے مسلہ فلسطین پر عالمی عدالت سے رجوع کرنے پر عالمی عدالت نے واضح پیغام دیا ہے کہ اسرائیل فلسطین غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے مزید کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظلم و ستم کواجاگر کرنے میں کردار ادا کرے۔



















