آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف کسی بھی حرکت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مظفر آباد میں نگران وزیر اعظم، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور چیف آف آرمی سٹاف نے یادگار شہدا پر حاضری دی جبکہ تینوں شخصیات نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہداء کو عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا جس پر آرمی چیف نے ایل او سی پر متعین دستوں کی آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے اور بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر موثر ردعمل کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے قابض بھارت کے سامنے کشمیریوں کے جذبہ ایمانی و حریت اور عزم مصمم کو بے مثال قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی و عسکری قیادت نے عزم کرتے ہوئے کہ مقبوضہ کشمیر میں جنم لینے والا انسانی المیہ اور سیکورٹی بحران پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر سکتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کا ساتھ دیتا رہے گا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ قیادت کا مزید کہنا تھا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب اورانتظامی حیثیت تبدیل کررہا ہے، بھارت زبردستی مقبوضہ کشمیر میں بہیمانہ قوانین نافذ کررہا ہے، ایسے جبر اور بربریت سے کشمیریوں کی جدوجہدکو دبایا نہیں جاسکتا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرے سےنمٹنے کے لیے تیارہے ، پاک فوج ہر جارحیت کا پوری طاقت سے جواب دے گی۔
آرمی چیف نے پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگرد کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بھارت کی دوسرے ممالک میں دہشتگردی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستانی سرزمین پر بھارت ہمارےشہریوں کونشانہ بنارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی بین الاقوامی قوانین اور اقدار کے منافی ہیں،بھارت کی دیگر ممالک کے داخلی امور میں مداخلت بے نقاب ہوچکی ہے، پاک فوج خطرات سےآگاہ ہے اور مؤثر جواب کے لیے مکمل تیارہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ بھارت کاشرمناک چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے، پاکستان کی سالمیت کےخلاف کسی بھی حرکت کامنہ توڑجواب دیاجائےگا جبکہ پاکستان اپنے شہریوں کےتحفظ کے لیے ایسے تمام عزائم خاک میں ملادےگا۔



















