Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کشمیر کے حق کیلئے سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رہےگی ،نگراں وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کشمیر کے حق کیلئے سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رہےگی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 5 فروری کو پاکستان کی حکومت اور عوام یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں، یہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ ہر سال ہم جموں و کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ جابرانہ غیرملکی قبضہ کے خلاف ان کی حق خودارادیت کیلئے جائز جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عہد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستانی اور کشمیری اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہیں، ہمارے خوشی اور غمی کے تہوار ایک ہیں۔ جموں و کشمیر میں جو ہو رہا ہے اس سے الگ نہیں رہ سکتے، ہم جموں و کشمیر تنازعہ کے اہم فریق ہیں۔

انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے برخلاف کوئی حتمی حل مسلط نہیں کر سکتا، کشمیر کاز کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے، تنازعہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں ہمیشہ شامل رہا ہے جو ایک غیرمتزلزل اتفاق رائے کی عکاسی کرتا ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے کے تمام طبقات اور قومی ادارے کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور پوری دنیا میں کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے متعلقہ عالمی فورمز پر ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے، پاکستان کے اس غیرمتزلزل عزم میں ملک کے چوتھائی ارب لوگوں کی مرضی شامل ہے، جموں و کشمیر کے ہزاروں مردوں، خواتین اور بچوں کی قربانیوں کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انوار الحق نےکہا کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کیلئے بڑی بھاری قیمت ادا کی، بھارتی جبروبربریت کے خلاف کشمیری لہولہان ہو گئے لیکن جھکے نہیں، مسلم اکثریتی ریاست ہونے کے ناطے کشمیر کو پاکستان کا حصہ ہونا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا، کشمیری عوام کی امنگوں کو دھوکہ دہی اور سازشوں کے ذریعے پامال کیا گیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کے زخم آج بھی تازہ ہیں، آزاد جموں و کشمیر بڑی قربانیوں اور جدوجہد سے آزاد ہوا۔1947ء میں خطے میں قتل عام کی یادیں ہمارے ذہنوں سے مٹ نہیں پائیں، کشمیریوں کو پاکستان کی بے پناہ حمایت کا یقین دلانا ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، کشمیریوں کی ترقی اور خوشحالی کی جستجو میں ان کی مدد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ خبریں