شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے سرغنہ ایوب اللہ عرف منصور سمیت دو دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے اغوا برائے تاوان اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔















