نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے اسلام آباد میں ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کا افتتاح کردیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ایکسل کنسلٹنگ سروسز کے اشتراک سے قائم مرکز کیلئے 10 ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے، ای روزگار مرکز میں تمام سہولیات سے آراستہ 100 ورک اسٹیشنز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، یوپی ایس،ٹریننگ سینٹر، انفرادی کیبنز، اوراسٹارٹ اپس کیلئے آفس رومز ہیں، مرکز کے قیام سے ملک بھرمیں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کے منصوبے کا آغاز ہوگیا، اس منصوبے کی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالرز آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکے گا۔
ڈاکٹر عمر سیف نے یہ بھی کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ مراکز فری لانسرز کی صلاحیت اور آمدنی میں نمایاں اضافہ کرسکیں گے، ای روزگار مراکز کے قیام کیلئے وزیراعظم اسکیم کے تحت بلاسود قرضے فراہم کیئے جائیں گے۔
نگراں وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان مراکز کیلئے فری لانسرز فراہمی کا ذمہ دار ہوگا، وعدے کے مطابق دیگر شہروں میں بھی ای روزگار مراکز تکمیل کے قریب ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق مشکل ترین فیصلے قلیل مدت میں کئے ہیں، آنے والی حکومت کیلئے سازگار ماحول اور ڈیجیٹل پاکستان کا مکمل روڈ میپ بنادیا دیا ہے۔
نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کیلئے ایس آئی ایف سی کے تعاون سے تمام مطلوبہ اقدامات کئے اور عالمی سطح پر پاکستان کو “ٹیکنالوجی کی منزل” قرار دینے کیلئے تمام دستیاب فورمز کا استعمال کیا گیا۔



















