سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 2 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے سرغنہ ایوب اللہ عرف منصور سمیت دو دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا جکہ ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے اغوا برائے تاوان اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہےکہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔



















