مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سادہ اکثریت ملتی ہے تو وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، دھماکوں کا مقصد ووٹرز کو ڈرایا جائے تاکہ ووٹ ڈالنے نہ آئیں، اللہ کا کرم ہے ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، تین سال پہلے بعض فیصلے ایسے ہوئے کہ دہشتگردوں کو موقع ملا، پاکستانی عوام کی قربانیوں سے دہشتگردی کا تقریباً خاتمہ ہو گیا تھا، دنیا کا امن پاکستان کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کل عوام اس بات کا فیصلہ کریں کہ کون سی پارٹی حکومت بنائے، حکومت ملی تو ہمیں ایک اور آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہو گا، ہماری غریب قوم آئی ایم ایف کی شرائط میں جکڑی ہے، معیشت کیلئے ہمیں بڑے فیصلے کرنے ہونگے، پاکستان کی معیشت مضبوط بنیادوں پر کھڑی کرنا ہو گی، ہم پر فرض ہے کہ قوم کی ایک ایک پائی بچائی جائے، جس کو بھی موقع ملا وہ نقصان کرنے والے اداروں کی نجکاری کرے، سادہ اکثریت ملتی ہے تو وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہونگے، معیشت سے متعلق مسائل کو جڑ سے پکڑنا ہو گا۔



















