پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ میں ووٹ کاسٹ کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام سےدرخواست ہے کہ نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، ووٹ عوام کی طاقت ہے، موبائل سروس معطلی کی مذمت کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مطالبہ کرتا ہوں فوری طور پرموبائل فون سروس بحال کی جائے ، موبائل سروس کی معطلی سے ووٹر ٹرن آؤٹ پر اثر پڑے گا جبکہ آراوز سے رابطے میں دشواری کا سامنا اور عوام کا نقصان ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے کے لیے ووٹنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملے نے ذمے داریاں سنبھال لیں، ووٹرز پولنگ اسٹیشن پہنچنا شروع ہوگئے ہیں تاہم پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 12 کروڑ 79 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ ان انتخابات میں ملک کی انتخابی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار سے زائد ہے جن میں 11 ہزار سے زائد آزاد امیدوار ہیں۔
ملک بھر میں 90 ہزار 675 میں سے 46 ہزار 65 پولنگ اسٹیشنز کو حساس و انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ شفاف پولنگ کے لیے مختلف شہروں میں مانیٹرنگ سیلز قائم کیے گئے ہیں۔



















