ایم کیو ایم پاکستان نے جناح گراؤنڈ میں یوم تشکر کا جشن منایا۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 سال بعد جناح گراؤنڈ میں متحرک ایم کیو ایم کی واپسی ہوئی، پہلی بار کراچی کو کچھ ملنا شروع ہوا، 25 کروڑ عوام کو غلامی سے نجات دلائیں گے، یقین دلاتا ہوں اب اصل پاکستان بنے گا، جو ہمیں مردہ سمجھ رہے تھے آج مائیں بہنیں بیٹیاں انہیں آئینہ دیکھا رہی ہیں، ایم کیو ایم نے ایک عوامی گورنر بنایا۔
فاروق ستار نے کہا کہ جو کہتے تھے جمہوریت بہترین انتقام ہے انہیں بتا دیا، جامعہ علی گڑھ اور جامعہ کراچی کے وارث ہی کراچی بنا سکتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال؛
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہ دن نسلوں تک یاد رکھا جائے گا، آج یہاں سے پاکستان کی بات ہو رہی ہے، اس شہر میں انسان انسان کا دوست بنے گا، انسان انسان کی قدر کرے گا، کسی کو مارنے مرنے کی بات نہیں کی جائے گی، دشمن ملک سے رابطہ کی بات نہیں ہو گی، ہمارے بڑوں نے پاکستان بنایا تھا ہم نے پاکستان بچایا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج عوام نے بتا دیا کہ یہ پاکستان بچانے والی نسل بن گئی ہے، کہا جاتا تھا یہ مینڈیٹ ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں ہے، کہا جاتا تھا ایک ہیلو کی آواز آئے گی اور سب کچھ چھن جائے گا، 8 فروری کو عوام نے بتا دیا یہ شہر ایم کیو ایم کا تھا اور رہے گا، 8 سالوں میں ہم نے بہت زخم سہے ہیں۔
خالد مقبول؛
رہنما ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نفرت کی دیواریں گرا دی ہیں، ثابت کرنا ہے جو پاکستان بنا سکتے ہیں وہی چلا بھی سکتے ہیں، ایم کیو ایم نے مہاجر قوم کو شناخت دلوائی ہے، اس الیکشن میں بھی ہمارے کئی ساتھی شہید کر دیے گئے، ہم نے کہا تھا 2023 کا سال ہمارا سال ہو گا، پارٹی کو منظم کیا۔
خالد مقبول نے کہا کہ ہم نےحلقہ بندیوں میں 53 یوسیز واپس کرائیں، کراچی کے 75 لاکھ افراد کو آبادی میں شامل کرایا، جو ایم این اے ذمہ داری پوری نہیں کرے گا گھر جائے گا۔



















