Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنا کر ہی ہم اداروں کو مستحکم کرسکتے ہیں، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنا کر ہی ہم اداروں کو مستحکم کرسکتے ہیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)ملک ظفر اقبال کی گورنر ہائوس میں الوداعی ملاقات ہوئی۔سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین پی پی ایس سی نے گورنر پنجاب کو محکمہ کی سالانہ رپورٹ 2023 ء پیش کی۔

چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)ملک ظفر اقبال نے گورنر پنجاب کو ادارے میں بہتری کے لیے کی گئی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی استعداد کار میں اضافے کے لیے آٹومیشن اور آئی ٹی کو فروغ دیا ہے۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پہلی دفعہ درجہ چہارم کی آسامیوں پر تحریری امتحان اور انٹرویو کے ذریعے میرٹ پر شفاف طریقے سے بھرتیاں کی گئی ہیں۔

چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)ملک ظفر اقبال نے مزید کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن میں کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ کے نظام کا طریقہ کار وضع کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اس کا ٹرائل شروع کر دیا جائے گا۔

گورنر پنجاب نے لیفٹیننٹ جنرل(ر)ملک ظفر اقبال کو تین سالہ کامیاب معیاد عہدہ کی تکمیل پر مبارکباد دی اور ان کی بطور چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنا کر ہی ہم اداروں کو مستحکم کرسکتے ہیں،ملک میں گڈ گورننس کے لیے اداروں میں میرٹ کی بالادستی بہت ضروری ہے۔

محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مختلف آسامیوں پر میرٹ پر بھرتیاں کر کے حق داروں تک ان کا حق پہنچانا پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن ایک مستند ادارہ ہے جو سرکاری ملازمتوں کے لیے میرٹ پر اہل اور قابل امیدواروں کا انتخاب کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ ادارے کی کارکردگی اور بہتری کے لئے مزید اقدامات بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں