وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے جائز شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری پوری کی ہے، انتخابات کے نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا زیادہ اہم تھا اس لئے انتخابات کے روز شہریوں، پولنگ عملہ اور پولنگ سٹیشنوں کو درپیش خطرات کی وجہ سے موبائل سروس بند کی گئی جس کی وضاحت وزارت داخلہ کر چکی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کے حوالے سے شکایات متعلقہ فورمز پر سنی جارہی ہیں، جائز شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے گا۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت خاص طورپروزارت داخلہ نے ملک میں سب سے بڑی جمہوری مشق کوآزادانہ، منصفانہ ،شفاف اورپُرامن طریقے سے منعقد کرنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات میں 18 ہزارسے زائد امیدواروں نے حصہ لیا جبکہ نوے ہزار پولنگ اسٹیشنزقائم کئے گئے تھے جہاں 6کروڑ سے زائدووٹروں کے حق رائے دہی استعمال کرنے کے عمل کوممکن بنایا گیا۔



















