اسلام آباد: حالیہ کشیدگی کے باوجود پاکستان کا ایران سے درآمدات پرانحصار مزید بڑھ گیا ہے۔
حالیہ کشیدگی کے باوجود پاکستان کا ایران سے درآمدات پرانحصار مزید بڑھ گیا ہے جب کہ جنوری میں ایران سے پاکستانی درآمدات میں سالانہ اورماہانہ بنیادوں پر اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوری میں ایران سے درآمدات سالانہ بنیادوں پر 25 فیصد بڑھ گئیں، رواں سال جولائی تا جنوری ایران سے درآمدات میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری 2024 میں ایران سے درآمدات کا حجم 10 کروڑ 42 لاکھ ڈالرز رہا، دسمبر 2023 میں ایران سے درآمدات 8 کروڑ 92 لاکھ ڈالرز تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جنوری 2023 میں ایران سے درآمدات 8 کروڑ 32 لاکھ ڈالرز تھیں۔ رواں سال جولائی تا جنوری ایران سے درآمدات 59 کروڑ 14 لاکھ ڈالرز رہیں جب کہ گذشتہ سال جولائی تا جنوری ایران سے درآمدات کا حجم 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران نے حال ہی میں تجارتی تعاون بڑھانے کا 5 سالہ پلان تشکیل دیا تھا، دونوں ممالک نے 2028 تک دو طرفہ تجارت 5 ارب ڈالرز تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔



















