رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزرات عظمیٰ کیلئےعمر ایوب ہمارے امیدوار ہونگے۔
رہنما تحریکِ انصاف اسد قیصرنے اعلان کیا ہے کہ وزرات عظمیٰ کیلئےعمر ایوب ہمارے امیدوار ہونگے، سیاسی جماعتوں سے رابطے کیلئے مجھے مینڈیٹ دیاگیا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم مستعفی نہیں ہوں گے، ہم اسمبلی میں بیٹھ کرقانونی اورعوامی جنگ لڑیں گے۔ وزیراعلٰی پنجاب کے نام پر ابھی بات نہیں ہوئی۔
اسد قیصرہائیکورٹ کے حکم کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران سیاسی صورت حال اور اتحادیوں سے متعلق بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد اسد قیصرنے اعلان کیا کہ امید ہے قومی اسمبلی میں ہمارا وزیراعظم آئے گا، ہمارامینڈیٹ چوری کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی آج شام تک احتجاج کی تاریخ دیں گے۔ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔ جے یو آئی اور قوم پرست جماعتوں سمیت سب سے بات کریں گے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں کو ساتھ لیکرلائحہ عمل بنائیں گے، الیکشن دھاندلی پر امریکہ و یورپ کو اس کی ذمہ داری یاد دلا رہے ہیں، اسمبلی میں بیٹھیں گے احتجاج کریں گے مگر استعفے نہیں دیں گے۔



















