خیبرپختونخوا میں بارشوں،تیز ہواؤں اور بالائی اضلاع میں برفباری کانیا سلسلہ 18 فروری سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے نیا مراسلہ جاری کردیا ہے، بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری اور بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہےجبکہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محمد قیصر خان کا کہنا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں جبکہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے اور اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کا مزید کہنا ہے کہ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے جبکہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 20 فروری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔



















