Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمارا ایجنڈا دھاندلی کیخلاف قوم کو متحد کرنا ہے، اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، دھاندلی کے خلاف ہمارا ایجنڈا ہے، جو دھاندلی ہوئی ہے قوم کو اس کے خلاف متحد کرنا ہے۔

اسد قیصر نے جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری170سے زائد نشستیں ہیں ہماری کامیابی کو چھیناگیا، کل ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے، اچھا ہوتا الیکشن کے بعد ملک میں سیاسی استحکام آتا لیکن بدقسمتی سے ملک مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اب فیصلے بند کمروں میں نہیں عوام کریں گے، دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانےوالی جماعتوں سے رابطے کریں گے، پیر کو میٹنگ میں لائحہ عمل طے کریں گے، ہماری ملاقات ون پوائنٹ ایجنڈا تھی، فیصلہ ہوا کہ دھاندلی کے خلاف آواز کو متحد کریں گے، جیسی دھاندلی کی گئی اس کی مثال نہیں ملتی، انتخابات میں دھاندلی ہوئی،مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کا اعلیٰ سطحی وفد قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ کے گھر پہنچا۔ قومی وطن پارٹی کے سیکرٹری جنرل احمد نواز خان جدون نے وفد کا استقبال کیا۔ پی ٹی آئی وفد سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پہنچا۔

پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹر سیف، شوکت یوسزائی اور دیگر شامل تھے جب کہ قومی وطن پارٹی کے وفد کی قیادت آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کی۔ قومی وطن پارٹی کے وفد میں مرکزی سیکرٹری جنرل احمد نواز جدون، سینئر نائب چیئرمین حاجی غفران اور نائب چیئرمین ہاشم بابر اور صوبائی چئیرمین سکندر حیات خان شامل تھے۔

ملاقات میں انتخابات سے متعلق امور پر دوطرفہ بات چیت ہوئی اور پی ٹی آئی وفد نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام آفتاب احمد خان شیر پاؤ تک پہنچایا۔

پی ٹی آئی وفد کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عام انتخابات میں جس دھاندلی ہوئی چاہتے ہیں آپ ساتھ دیں، آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے خیبرپختونخوا میں انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں