سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ پنڈی کے سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کو اوورسیز شہریوں کی جانب سے 25 کروڑمیں خریدا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ریاض نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کو 25 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے، نیویارک میں اوورسیز کے ذریعے ان کو فلیٹ دیا گیا ہے جب کہ کمشنرکا کوئی کردارنہیں تھا، ڈی آراوز اور آراوز کا کردار تھا، ڈی آراوز، آراوز نے کمشنرکے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق کمشنرراولپنڈی لیاقت چٹھہ فیصل آبادمیں تعینات رہا، لیاقت چٹھہ کا کیریئر کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، متعدد کرپشن کے کیسزکی وجہ سے وہ نوکری سے فارغ بھی ہوا۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ پنڈی کے سابق کمشنر کو اوورسیز شہریوں کی جانب سے25کروڑمیں خریدا گیا، ایک عدد فلیٹ امریکہ میں دیا گیا ہے، اس جھوٹے انسان نے اداروں کو نشانہ بنایا، ان کا نام فوری ای سی ایل میں ڈالنا چاہئے۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی عادت ہے جیت جاتے ہیں تو فیئر الیکشن، ہار جائیں تو الزامات لگاتے ہیں جب کہ پی ٹی آئی نےگزشتہ روز بھی 9 مئی 2 کرنےکی کوشش کی مگر ناکام ہوئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختوںخوا میں علی امین گنڈا پورکو وزیراعلیٰ لگایا جارہا ہے، گروہ بناکر ملکی سلامتی کونقصان پہنچانے کے لیے گنڈاپور کو لگایا جارہا ہے۔
سابق اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو اکٹھے ہو کر حکومت بنانی چاہئے، سادہ اکثریت نہیں ملی اس لئے نوازشریف نے اپنا فیصلہ لیا ہے، ہماری حکومت 5 سال پوری چلےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت ملک کو مستحکم بنانے اور مہنگائی کے خاتمےکے لیے مل کرکام کرے، پی ٹی آئی والے جہاں جاتے ہیں لوگوں کو خرید کر ایسے گھناؤنے کام کرتے ہیں، مولانا نےکہا تھا عدم اعتماد میں آپ ساتھ دیں بہت لوگ ہمیں سپورٹ کر رہے ہیں۔



















