پیپلز پارٹی کے نو منتخب ارکان کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
سابق گورنر پنجاب اور پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود کی زیر صدارت پی پی پی کے نو منتخب ارکان کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی، قاضی احمد سعید، اقبال سراج ، کامران عبداللہ، مزمل رئیس، نبیل احمد، میاں عامر علی شاہ، شازیہ عابد، واصف مظہر راں اور سردار حبیب خان گوپانگ اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں چیف کوارڈینیٹر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین اور سید عطاء حیدر گیلانی بھی موجود تھے جب کہ مخدوم سید احمد محمود نے تمام ارکان پنجاب اسمبلی کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے مختلف سیاسی اور انتظامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا-
نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی احمد محمود کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے لیے بھرپور طریقے سے کام کریں۔ صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی۔
پیپلز پارٹی کے نو منتخب ارکان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی، اور پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے عوام اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔



















