صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں سست فیصلہ سازی اور قیادت کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ہوسٹنگ بزنس نیٹ2024کے تیسرے ایڈیشن سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام، سیاسی شمولیت یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی شمولیت عوام کی سیاسی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، کروڑوں نوجوان ووٹرز کا جمہوری نظام پر اعتماد کا اظہار قابل تحسین ہے، اگر نظام پر نوجوانوں کا اعتماد متزلزل ہوا تو یہ ملکی مفاد میں نہیں ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ ویب سائٹس کی بندش کی وجہ تنقید کا سامنا کرنے کیلئے صلاحیت کی کمی ہے، افسوس ہےکہ قابل افراد کو سیاست سے نکالا جارہا ہے، عوام کو ترقیاتی عمل سے باہر کرنے سے ملک پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
صدرمملکت نے ملک میں سست فیصلہ سازی اور قیادت کے فقدان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے اچھی قیادت اور بروقت فیصلہ سازی کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ایک متحرک قوم ہے جسے بےشمار قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، عوام کی فکری ترقی ، استعدادکار میں اضافے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ چین نے تعلیم اور صحت پر سرمایہ کاری سے اپنےکروڑوں لوگوں کوغربت سے نکالا، انٹرنیٹ ووٹنگ سے اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کاحق دیا جاسکتا تھا، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سےانتخابی عمل میں بہتری لائی جاسکتی تھی، ٹیکس ٹوجی ڈی پی کاکم تناسب پاکستان کاایک دیرینہ مسئلہ ہے۔



















