سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریٹائرڈ یا مستعفی ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی سے متعلق کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے 5 رکنی لارجر بینچ نے چار ایک کی بنیاد پر فیصلہ جاری کیا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے اپیل زائد المیعاد ہونے کی حد تک فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔
عدالت کی جانب سے سنائے گئے مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ جج کیخلاف ایک بار کارروائی شروع ہو جائے تو جج کے استعفے سے کارروائی ختم نہیں ہوگی، مستعفی جج کیخلاف کارروائی جاری رکھنا جوڈیشل کونسل کا اختیار ہوگا۔
سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ ریٹائرڈ ججز کے خلاف زیرالتوا شکایات پر کارروائی کرنا یا نہ کرنا سپریم جوڈیشل کونسل کی صوابدید ہے جب کہ عدالت نے ریٹائرڈ یا مستعفی ججز کے خلاف کونسل کارروائی جاری رکھنےکے لیے اپیل منظور کرلی۔
بعد ازاں جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔



















