Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کا آئی ایم کو خط لکھنے کا مقصد ملک کو نقصان پہنچانا ہے، عطا تارڑ

مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خط لکھنے کا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ ایک قیدی کیسے آئی ایم ایف کو خط لکھ سکتا ہے لہذا ان کے مذموم مقاصد کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے کیوں کہ انہوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی کوشش کی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جو سیٹیں ملیں کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، ملک کی معیشت کو  نقصان  پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ لوگ ملک  میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو چند سیٹیوں پر کامیابی ملی، یہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں، ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائےگی، ہم نے ملک کی معیشت بہتر کرنی ہے اور  بے روزگاری ختم کرنی ہے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے معاملے پر آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے جس میں کہا جائے گا کہ جتنے حلقوں میں دھاندلی ہوئی وہاں آڈٹ کرایا جائے۔

متعلقہ خبریں