Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قرض پروگرام پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے ہے، آئی ایم ایف

آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام پاکستان کے معاشی استحکام کے لیےہے۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کے دوران  آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے پی ٹی آئی کی جانب سے خط کے معاملے پر تبصرے سے گریز  کیا۔

جولی کوزیک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا سیاسی معاملہ ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں بیان نہیں دیتا۔ پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ معاشی استحکام کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 11 جنوری کو پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے چکا ہے۔ پاکستان کو موجودہ قرض پروگرام میں 1.9 ارب ڈالرز بھی مل چکے ہیں۔

ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا قرض پروگرام پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان میں غریب طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔

جولی کوزیک نے کہا کہ پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ معاشی اہداف کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ امید ہے نئی منتخب حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے سخت مانیٹری پالیسی اختیار کرے گی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرے گی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان میں معاشی استحکام  کے لیے نگراں حکومت کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی اختیار کی گئی، مالیاتی استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

متعلقہ خبریں