حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ راستے ایسے بند کیے گئے ہیں جیسے ہم دوسرے ملک کی فوج ہیں۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں بیٹھنے والے جعلی مینڈیٹ والے ہیں، انھوں نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا ہے، ایم کیو ایم ن لیگ کا اتحاد جعلی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ان کے چہرے بتارہے ہیں یہ جعلی حکومت چلنے والی نہیں، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، راستے ایسے بند کیے گئے ہیں جیسے ہم دوسرے ملک کی فوج ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کرچی نے کہا کہ فارم 47 کی بنیاد پر پورے مینڈیٹ پر قبضہ کر لیا گیا، بلاول کاوزیراعظم کا خواب اسی وقت چکنا چورہوگیا تھا جب کراچی میں جعلی مئیربنایا۔
انھوں نے کہا کہ کراچی میں ووٹ پی ٹی آئی کو ملے ہیں یا جماعت اسلامی کوملے، سندھ میں ووٹ جی ڈی اے کو ملے ہیں یا جمیعت علمائے اسلام ایف کو، یہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کہاں سے آگئی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کو پورے شہر سے ایک لاکھ ووٹ بھی نہیں ملے، جن لوگوں نے ایم کیو ایم کو کراچی پر مسلط کیا انہوں نے آئین کے ساتھ مذاق کیا۔



















