پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر پاکستان ایک شخص کی وفاداری کے بجائے آئین کی پاسداری کریں۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدرکی طرف سے قومی اسمبلی اجلاس بلانے میں تاخیر اختیار کا ناجائز استعمال ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر، وزیراعظم کی سمری پر بلا تاخیر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں اور صدرایک شخص کی وفاداری کے بجائے آئین کی پاسداری کریں۔
شازیہ مری نے کہا کہ یہ وہی صدر ہے جس نے ماضی میں قومی اسمبلی کوغیر آئینی طریقے سے ختم کیا، صدر ماضی کی طرح آئین سے کھیلنے سے گریز کریں۔
سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ صدر کی ہر آئین شکنی اورعہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہے گا۔
سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات مکمل ہوچکے، صدر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔



















