Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلی پنجاب کا انتخاب کل ہوگا

وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کل ہوگا جس میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم نواز اور سنی اتحاد کونسل کے  رانا آفتاب احمد مدمقابل ہوں گے۔

نو منتخب اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا۔ سیکریٹری پنجاب اسمبلی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی کا انتخاب پیر 26 فروری کو ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔  سیکرٹری پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب نے کاغذات وصول کیے۔

سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب احمد خان نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ کاغذات نامزدگی سیکریٹری پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب نے وصول کیے۔

بعد ازاں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کاغذات کی جانچ پڑتال کی اور اسکروٹنی کے بعد دونوں امیدواروں کے کاغذات قواعد وضوابط کے مطابق درست قرار دے دیے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اعلان کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب 26 فروری کو صبح 11 بجے ہونے والے اجلاس میں ہوگا۔

خیال رہے کہ سیکرٹری اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں 25 فروری شام پانچ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت دیا تھا۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد احمد خان پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ملک ظہیر اقبال چنڑ بھاری اکثریت سے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔

مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد احمد خان نے 224 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے ملک احمد خان بھچر تھے جنہوں نے 96 ووٹ حاصل کیے۔

متعلقہ خبریں