الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخاب کا شیڈول یکم مارچ کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
الیکشن کمیشن یکم مارچ کوصدارتی انتخاب کے شیڈول کا پبلک نوٹس جاری کرے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 29 فروری کو تمام اسمبلیاں وجود میں آجائیں گی جس کے بعد صدر پاکستان کے انتخاب کے لیے مطلوبہ الیکٹورل کالج کی تکمیل ہو جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 91 ،130 کے تحت تمام اسمبلیوں کی پہلی نشست انتخابات کے بعد 21 روز میں منعقد ہونا ضروری ہے۔ آرٹیکل 41/4 کے تحت صدر پاکستان کا انتخاب عام انتخابات کے انعقاد کے بعد 30 روز کے اندر کروانا لازم ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن یکم مارچ کو صدر کے انتخاب کا شیڈول اور پبلک نوٹس جاری کرے گا، آئین کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ایک دن مقرر کیا جائے گا۔
مجوزہ پروگرام کے مطابق 2 مارچ دن 12:00 بجے تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی کسی بھی پریزائیڈنگ آفیسر کے پاس جمع کروا سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام خواہش مند امیدواران آج سے ہی کا غذات نامزدگی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنرز سے حاصل کر سکتے ہیں۔
خیال رہےکہ ذرائع کے مطابق ملک میں صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔



















