پاکستان تحریک انصاف نے عامر ڈوگر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار کے طور پر نامزد کردیا۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عامر ڈوگر کو اسپیکر قومی اسمبلی اور جنید خان کو ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے بہت عرصے بعد ملاقات ہوئی، وہ اب بھی پراعتماد ہیں جب کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے، ہمارے پاس فارم 45 موجود ہیں ہم آخری دم تک لڑیں گے اور جیت پی ٹی آئی کی ہوگی۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 2 مارچ کو پورے پاکستان میں دیگرجماعتوں کے ساتھ احتجاج کریں گے، عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ہے جس کے خلاف ہم عدالتوں اور اسمبلیوں میں بھی احتجاج کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے بیانیے کے مطابق آئی ایم ایف کو خط بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔ ہم 29 فروری کو حلف لینے اسمبلی جائیں گے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہفتے کو دھاندلی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرنے کا کہا ہے اور انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ٹی آئی بیانیے کے مطابق خط آئی ایم ایف کو بھیجا جائے گا۔



















