پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہےکہ مہارانی کو پتہ ہی نہیں ملک میں غربت کتنی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3 دفعہ کے وزیراعظم کی بیٹی شدید دھاندلی سے اقتدار میں آئی ہے، مریم نواز نے تقریر میں غریب کی بھوک کے بارے میں کوئی بات نہیں کی، مریم نواز تقاریر کی بجائےغریب کی بھوک بارے سوچیں۔
انہوں نے کہا کہ مہارانی کو پتہ ہی نہیں ملک میں غربت کتنی ہے، اس وقت غریب لوگوں کے پاس کھانے کے پیسے نہیں، رمضان پیکچ سے کام نہیں چلے گا، رمضان کے بعد بھی لوگوں نے جینا ہے۔
یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ میں نے 35 سال سرکاری اسپتال میں کام کیا ہے، لوگوں کے پاس انجیکشن خریدنے کے پیسے نہیں ہوتے،لوگ بھوک سے مررہے ہیں، عوام کو ریلیف نہ ملا تو عوام ان کو نہیں چھوڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے زیادہ ووٹ لینے والی خواتین جیل میں قید ہیں، فارم 45 میں ہارنے والے فارم 47 میں جیت گئے، عدالتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، عوام کے میڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزیدکہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ بیچنے والے آج 9 فروری والے بن چکے ہیں، عوام نے 8 فروری کو 9 مئی کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، ان کے ظلم جبر اور زیادتی کو عوام نے مسترد کر دیا۔



















