نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہےکہ نوازشریف نے کراچی کا امن بحال کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ، نوازشریف کی قیادت میں آپ کی بہت بڑی کامیابی ہے، کامیاب ارکان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ ن لیگ میں شمولیت کرنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ہمارے ارکان اسمبلی اپنے بل بوتے پر جیت کر آئے، آزاد اراکین کی قوت کے ساتھ ہماری تعداد 104ہوگئی ہے، سی پیک کے منصوبے لیکر آئے اس کی پوری قوم گواہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 7ہزار میگاواٹ بجلی قوم کو مہیا کی،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی، چاروں صوبوں کوموٹرویز کے ذریعے جوڑا ، کراچی کے لوگ امن لانے پر نوازشریف کو جھولیاں بھر کردعائیں دیتے ہیں۔پہلےلگتا تھا ملک میں دہشت گردی کی آگ کبھی بجھےگی نہیں لیکن نوازشریف کی قیادت میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا گیا، کراچی کے تباہ کاروبار کو بحال کرنے پر لوگ نوازشریف کے مشکور ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ 2015 میں چینی صدر پاکستان آئے اور سی پیک معاہدے ہوئے، دن رات سی پیک منصوبوں پرکام ہوا، دیامربھاشا ڈیم کیلئے زمین خریداری کیلئے فنڈز نوازشریف نے جاری کیے۔پاکستان بھر میں نوازشریف کی عوامی ترقی اورخوشحالی کی تختیاں گننا مشکل ہے، نوازشریف نےکراچی کو پینےکے پانی کیلئے کےتھری اور کےفور منصوبے دیئے، نوازشریف نے ہمیشہ صبروتحمل سےکام لیا ہے اور نوازشریف نےصبرجوان مردی کیساتھ مشکلات کامقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی خدمات کے بدلے میں ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیاگیا، نوازشریف اور مریم نواز نے عدالتوں کا سامنا کیا اور ظلم کا مقابلہ کیا جبکہ نوازشریف نے جعلی مقدموں اور جبر کا بھی صبروتحمل سےسامنا کیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کرےگا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ جب نوازشریف بیمار ہوئے تو ان کیخلاف غلیظ زبان استعمال کی گئی، نوازشریف نے منفی قوتوں کا مقابلہ کیا لیکن کسی کے خلاف غلط زبان کا استعمال نہیں کیا۔الیکشن میں اونچ نیچ ہوتی ہے بعض جگہوں پر ہمارے بھی لوگ ہارے ہیں، کے پی اسمبلی کا حلف آئینی اور دوسری اسمبلیوں کا حلف غیر آئینی یہ دہرا معیار نہیں چلےگا۔صدر ایک پارٹی کے اشارے پرآئین شکنی کررہے ہیں، یہ ان کا دوغلاپن ہےجہاں ہارے وہاں دھاندلی جہاں جیتے وہ الیکشن ٹھیک۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی اپنے بل بوتے پر جیت کر آئے ہیں، اسلام آباد سے راجہ خرم نواز نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی ، بیرسٹر عقیل ملک آزاد حیثیت سے لڑے اور ن لیگ میں شامل ہوئے جبکہ آزاد امیدوار غیرمشروط طور پر ن لیگ میں شامل ہوئے، آزاد ارکان کی شمولیت کے بعدقومی اسمبلی میں ہماری اکثریت104ہوگئی۔



















