Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میں ملک و قوم کی خدمت کیلئے پر عزم ہوں، نواز شریف

نواز شریف نے کہا ہے کہ میں ملک و قوم کی خدمت کیلئے پر عزم ہوں۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے قومی اسمبلی میں منتخب رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اس وقت سب کو مل کر ملک اور قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔

نواز شریف نے کہا کہ ایک طویل عرصے کی جلا وطنی کے بعد اسمبلی کے رکن کا حلف اٹھانا میرے لیے باعث مسرت ہے، یہ موقع میرے لیے خوشی اور جذباتی کیفیت کا ہے۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے مزید کہا کہ میں ملک و قوم کی خدمت کیلئے پر عزم ہوں، پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کریں گے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس: نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 1 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے شروع ہوا ہے، اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول پیش کی گئی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر راجہ پرویز اشرف کر رہے ہیں ، انہوں نے نومنتخب ارکان سےحلف لیا ، جس کے بعد تمام ارکان رجسٹرپردستخط کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ قومی اسمبلی ایوان 336 ارکان پرمشتمل ہے جبکہ قائد مسلم لیگ (ن) جناب محمد نواز شریف اور نامزد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور رکنِ قومی اسمبلی حلف اٹھا لیا۔

نواز شریف اور شہباز شریف نے حلف پر دستخط کر دیئے جبکہ آصف علی زرداری نے حلف پر دستخط کر دیے، اس موقع پر آصفہ بھٹو نے نعرے بازی کی۔بلاول بھٹو زرداری نے اوتھ پر دستخط کیے تو ایوان میں جئے بھٹو کے نعرے گونجنے لگے۔

اجلاس کے اختتام پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد کارروائی کو ملتوی کر دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں