ایم کیو ایم پاکستان نے صدر مملکت کے الیکشن میں آصف زرداری کو ووٹ دینے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم نے صدر مملکت کے الیکشن میں آصف زرداری کو ووٹ دینے سے انکار کردیا، حکومتی اتحادی جماعتوں کی کمیٹی ایم کیوایم کو منانے دوبارہ آئے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان نے صدر مملکت اور دیگر آئینی عہدوں پر پی پی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بیشتر اراکین نے واضح طور پر کہا ہے کہ پی پی کے حالیہ رویہ اور شہری سندھ کے مسائل میں عدم دلچسپی پر وفاق میں کسی بھی سطح پر پی پی کے ساتھ تعاون نہیں کیا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی سطح پر ایم کیو ایم کا ن لیگ کے ساتھ معاہدہ ہے لیکن پی پی کے ساتھ نہیں۔
صدارتی انتخابات کے حوالے سے ایم کیو ایم اپنی حکمت عملی جے یو آئی ف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر بنائے گی۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے کے بعد جس پہلے امتحان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے وہ چند روز بعد ہونے والے صدارتی الیکشن میں حکمران اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کے تمام ووٹ مشترکہ صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کو ووٹ دلوانا ہے۔



















