لاہور میں فرائض انجام دینے والے ایک ٹریفک وارڈن نے دوران ملازمت اپنی پی ایچ ڈی مکمل کرلی۔
سوشل میڈیا پر دوران ملازمت پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے ٹریفک وارڈن کی کاوش کو سراہا جارہا ہے۔
ٹریفک وارڈن حبیب الرحمٰن نے پنجاب یونیورسٹی سے ساؤتھ ایشن سٹڈیز میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے ’’پاکستان چائنہ ریلشنز‘‘ کے عنوان پر تحقیقی و تنقیدی مقالہ لکھا۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کو مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے تعریفی سند کا اعلان کیا۔
سی ٹی او لاہور نے ٹریفک وارڈن کی دوران ملازمت پی ایچ ڈی کو سراہتے ہوئے کہا ’ایسے محنت کشوں کو قوم کا سلام‘، وارڈنز کا محدود وسائل اور سخت نوکری کے باوجود تعلیم جاری رکھنا قابلِ ستائش ہے۔
عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ 3100 وارڈنز میں سے 150 وارڈنز ایم فل ڈگری اور 10 وارڈنز ڈکٹریٹ ڈگری ہولڈرز ہیں جب کہ 80 فیصد وارڈنز نے مخلتف مضامین میں ماسٹرز کررکھے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کو تعلیمی قابلیت میں پاکستان بھر میں سب فورسز پر سبقت ہے، ٹریفک وارڈنز نے فرانزک سائنس، مالیکیولر بیالوجی، انگلش لڑیچر کی ڈگریاں حاصل کی ہوئی ہیں، ٹریفک وارڈنز قانون،اکنامکس، ریاضیات، کرمنالوجی، انٹرنیشنل ریلیشنز میں ایم فل کیے ہوئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ایم فل کی ڈگری رکھنے والے وارڈنز کو ہرماہ پانچ ہزار روپے الاؤنس دیا جارہا ہے، پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والوں کو دس ہزار روپے اضافی الاونس دیا جارہا ہے، ٹریفک وارڈنز کی ویلفیئر کو ہرممکن یقینی بنایا جارہا ہے۔



















