Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کی قرارداد سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہر مند خان تنگی کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، ٹک ٹاک ، انسٹا گرام ، ایکس اور یوٹیوب پر پابندی لگانے کی قرارداد سینیٹ کے ایجنڈے میں شامل کرلی گئی۔

4 مارچ کو ہونے والے سینیٹ اجلاس کے جاری ایجنڈے کے مطابق فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹا گرام، یوٹیوب اور ایکس پر پابندی کے لیے پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرمند خان تنگی کی قرارداد ایجنڈے میں شامل ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ملک کی نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، یہ عوام میں مذہب اور زبان پر نفرت پیدا کرنے استعمال ہو رہے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہےکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے پاک فوج کے خلاف منفی اور بدینتی پر مبنی پروپیگنڈے کے ذریعے ملکی مفادات کے خلاف استعمال ہونے پر تشویش ہے۔

قردادا میں یہ بھی کہا گیا کہ مفاد پرست یہ پلیٹ فارمز مختلف معاملات پر جھوٹی خبریں پھیلا نے استعمال کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جعلی قیادت کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سینیٹ حکومت پاکستان کو تجویز کرتا ہے کہ فیس بک، ٹک ٹاک ، انسٹا گرام ، ایکس اور یوٹیوب پر پابندی لگائے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی لگا کر نوجوان نسل کو ان کے منفی اور تباہ کن اثرات سے بچایا جائے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ سینیٹربہرامندتنگی کاپیپلزپارٹی سے کوئی تعلق نہیں، انہیں پارٹی پالیسی سے انحراف پر شوکاز نوٹس دیا گیا تھا اور سینیٹرپارٹی کےسامنےوضاحت کرنےمیں ناکام رہےتھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹربہرامندتنگی کی سینیٹ میں جمع قرارداد سے پیپلزپارٹی کا کوئی تعلق نہیں، پیپلزپارٹی چارسدہ کے صدرنے بنیادی رکنیت منسوخ کردی تھی جب کہ بہرامندتنگی 11 مارچ کو سینیٹ رکنیت سے ریٹائرہورہے ہیں۔

متعلقہ خبریں