Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا، ایاز صادق

 ایاز صادق نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سید مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپ کا تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے پر انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ اسمبلی کے ممبران کے آپ کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے،آپ کی قیادت میں صوبہ سندھ گذشتہ ادوار کی طرح مستقبل میں بھی ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سید مراد علی شا ہ کی بطور وزیر اعلیٰ سندھ کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی اسپیکر سردار ایاز صادق کو تیسری بار سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اسپیکر کے عہدے پرتیسری بار بھاری اکثریت سے منتخب ہونا اتحادی جماعتوں کے قائدین اور ممبران اسمبلی کا آپ کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کی عکاسی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آپ نے بطورِ اسپیکر جس خوش اسلوبی سے گزشتہ دور میں ایوان کی کارروائی کو چلایا وہ قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ وزیراعلی سندھ نے ڈپٹی سپیکر سید مصطفےٰ شاہ کو بھی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید مصطفیٰ شاہ اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں