وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف دورہ گوادر کیلئے روانہ ہوئے، وزیرِ اعظم نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کاروائیوں پر بریفنگ لی۔
وزیرِ اعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لئے نظام وضع کیا جائے جبکہ متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر جلد رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے جبکہ متاثرین کے ریسکیو و مدد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔



















