Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلح افواج کا سیکیورٹی کے علاوہ انتخابی عمل سےکوئی تعلق نہیں تھا، کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کا سیکیورٹی کے علاوہ انتخابی عمل سےکوئی تعلق نہیں تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت263ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شرکا نے مسلح افواج کی کاوشوں اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو محفوظ ماحول فراہم کرنے پر فورسز کو سراہا گیا جبکہ مشکلات کے باوجودسول انتظامیہ ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی سراہا گیا۔

کانفرنس میں شرکا کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے مینڈیٹ کے مطابق انتخابات  کیلئےعوام کومحفوظ ماحول فراہم کیا، مسلح افواج کا سیکیورٹی کے علاوہ انتخابی عمل سےکوئی تعلق نہیں تھا، کچھ عناصر سوشل میڈیا پر مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات لگارہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہیں، گڈگورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح وبہبود جیسےمسائل پر توجہ مرکوز کی جائے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ مفادپرست عناصر کی پوری توجہ اپنی ناکامیوں کو پس پشت ڈالنے پر ہے، مفادپرست عناصر کی پوری توجہ سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے،بےبنیاد سیاسی بیان بازی کا سہارا لینے کے بجائے ثبوت کیساتھ قانونی عمل کی پیروی کی جائے۔

کانفرنس میں فورم نے مرکزاور صوبوں میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ انتخابات کے بعد کا ماحول سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا جس سے امن وخوشحالی آئے گی۔

کانفرنس میں شرکا کا یہ بھی کہنا تھا کہ جمہوری استحکام ہی ملک کے لئے آگے بڑھنےکا راستہ ہے، عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبرہے، پاکستان کے عوام کی حمایت کیساتھ آئینی ذمہ داریوں کو نبھانےکیلئے پرعزم ہیں۔

فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینےمیں حکومت کو تعاون فراہم کرنےکا اعادہ کیا اور کہا کہ اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری روکنے میں بھرپور مدد کی جائےگی، ون ڈاکومنٹ رجیم اور غیرقانونی تارکین کی باعزت واپسی میں بھی مددکی جائےگی۔

متعلقہ خبریں