Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گوادر متاثرین کے نقصانات کی قانون کے تحت ادائیگی کی جائےگی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ گوادر متاثرین کے نقصانات کی ضابطے اور قانون کے مطابق ادائیگی ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھاتے ہی وہ یہاں آئے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ گوادر میں طوفانی بارشوں کے متاثرین کو اس مشکل وقت میں تنہا چھوڑا جائے جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات سے وقت سے پہلے آگاہی کے لئے نظام وضع کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر مبنی رپورٹ جلد پیش کی جائے،حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے،متاثرین کے ریسکیو اور ان کی امداد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

شہباز شریف نےکہا کہ ساڑھے 3 لاکھ روپے اسے دیے جائیں گے جس کا گھر جزوی تباہ ہوا، زخمیوں کو فی کس 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، اس طوفان نے بوٹس کو نقصان پہنچایا ہے تو اسکا ازالہ کیا جائےگا،83 کشتیاں تباہ ہوئی ہیں،اس کا 40 کروڑ بنتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل سے 7 ہزار خوراک کے بیگ یہاں پہنچنا شروع ہوں گے، بارشوں سےجاں بحق افراد کے لواحقین کو20لاکھ فی کس دیےجائیں گے، زخمیوں کو5 لاکھ روپےفی کس دیئے جائیں گے، جن کے گھرمکمل تباہ ہوئے 7 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 4 دن میں متاثرین کو رقوم فراہم کی جائیں گی، جن کےگھرکوجزوی نقصان پہنچاان کو ساڑھے  3لاکھ دیےجائیں گے، ہم نے محدود وسائل کے مطابق متاثرین تک اشیا پہنچائیں، جن افسران نے بحالی کا کام کیا ،وزیراعلیٰ سےکہوں گاانہیں بلاکر اسناد دیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، پورے ملک میں بارشی طوفان سے 44 لوگ جاں بحق،46 زخمی ہوئے، تمام نقصانات کی قانون کےتحت ادائیگی کی جائےگی جبکہ لوگوں کے جو نقصانات ہوئے ہیں، قانون کے تحت ادائیگی کی جائیگی۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔

وزیراعظم شہباز شریف کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ خبریں