رہنما ن لیگ خرم دستگیر نے کہا ہےکہ کراچی کی ترقی کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ کام کریں گے۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما خرم دستگیر نے بول نیوز کے پروگرام تجزیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں کےحوالے سے فیصلہ قانونی ہے، آزاد اراکین کا گروپ اپنی مخصوص نشستوں کا تقاضہ کررہا ہے، سپریم کورٹ اس پر اپنی رائے دیں دے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمان نے126دن کادھرنا بھی برداشت کیا، یہ تشدد کی زبان استعمال کرکے مخصوص نشستیں لینا چاہتے ہیں، ماضی میں بھی لوڈشیڈنگ، مہنگائی ، بدامنی سے ملک کو نکالا ہے،2025تک ملکی معیشت میں استحکام نظرآناشروع ہوجائےگا۔
خرم دستگیر نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم دور میں شہبازشریف کو پی پی کی حمایت حاصل تھی،16ماہ کے حکومتی دورمیں انتخابات نظرآرہے تھے، اگلے الیکشن تک حالات بہتر ہوچکے ہوں گے جبکہ کراچی کی ترقی کے لیےسندھ حکومت کےساتھ کام کریں گے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ اسی مہینے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے، آئی ایم ایف سے اپنی ضروریات کے مطابق بات کرنی ہے، نجکاری کا پروگرام آگے لے کر چلناہوگا ، مالی خسارہ پورا کرنا ہوگا۔
خرم دستگیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوشش ہوگی غریب عوام پراب بوجھ نہ ڈالا جائے، قیمتوں میں استحکام آجائے تو وہ بھی ہماری کامیابی ہوگی، علامتی طور پر کابینہ کا حجم کم رکھا جائے گا۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما خرم دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہوگی بجلی اورگیس کے بلوں میں اضافہ نہ ہو، معیشت کو استحکام دینے کے لیے غیر مقبول فیصلے کرنے پڑیں گے، کلیدی فیصلوں میں نوازشریف کی مشاورت شامل ہوگی۔



















