مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گردوں کی بیماری میں تیزی سے اضافہ ہونا تشویش ناک ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز فیڈرل بی ایریا پہنچے جہاں انہوں نے گردوں کے اسپتال کی نو تعمیر شدہ تیسری منزل کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں کے ایم سی کے 14 بڑے اسپتال ہیں، غریب اور متوسط طبقے کی بڑی تعداد ان اسپتالوں سے علاج معالجے کی سہولت حاصل کرتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ کے ایم سی ان اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کی بھر پور کوشش کررہی ہے، گردوں کی بیماری میں تیزی سے اضافہ ہونا تشویش ناک ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ عوام اپنی صحت پر عالمی معیار کے مطابق توجہ نہیں دیتی، اکثر و بیشتر انتہائی تشویش ناک حالت میں مریضوں کو سرکاری اسپتالو ں میں لایا جاتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک میں سالانہ طبی معائنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا رواج نہیں ہے، گردوں کی صحت معلوم کرنے کے لیے انتہائی سستا ٹیسٹ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بھی گردوں کے مرض میں مبتلا ہے، پان، گٹکا، چھالیہ اور نسوار بھی گردوں کو بری طرح متاثر کررہی ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کراچی میں سالانہ ایک لاکھ سے زائد افراد گردوں کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں، صحت زندگی کی سب سے بڑی دولت ہے اس کی حفاظت ہر شخص کو کرنی چاہیے۔



















