وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ طوفانی بارشوں و برفباری کے خیبر پختونخوا میں نقصانات اور جاری ریسکیو و بحالی کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدات کی جس میں وزیرِ اعظم کو صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں و برفباری کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 62 افراد زخمی ہوئے جن میں 27 بچے بھی شامل ہیں. اسکے علاوہ 635 گھر مکمل و جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر ان طوفانی بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو 20 لاکھ، رخمی ہونے والے افراد کو فی کس 5 لاکھ، مکمل تباہ شدہ گھروں کے مکینوں کو 7 لاکھ جبکہ جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے مکینوں کو 3.5 لاکھ دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں تمام بڑی شاہراہوں کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے جبکہ جن شاہراہوں پر برفباری و لینڈ سلائیڈنگ ابھی بھی جاری ہے ان پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو مزید بتایا گیا کہ آئندہ دو روز میں متوقع برفباری کے حوالے سے بھی ضلعی و صوبائی انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی کسی بھی ہنگامی صوتحال سے نبٹنے کیلئے تیاری مکمل ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تمام ادارے مل کر طوفانی بارشوں و برفباری کے متاثرین کے ریسکیو و بحالی کے اقدامات میں حصہ لیں، متاثرین کی مدد و بحالی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ صوبائی انتظامیہ سے مل کر متاثرین کے ریسکیو و بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں، متاثرہ گھروں کے مکینوں کو آئندہ پانچ روز میں امدادی رقوم کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مصیبت کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت متاثرین کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرے گی۔
اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام، مرتضی جاوید عباسی، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اعلی صوبائی حکام نے شرکت کی۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی پشاور میں گورنر ہاؤس آمد ہوئی جہاں شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، خواجہ آصف، عطاء تارڑ، امیر مقام، مرتضی جاوید عباسی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی شریک تھے۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم کو حالیہ طوفانی بارشوں و برفباری کے نتیجے میں نقصانات اور جاری امداد و بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔



















