قیصر شریف نے کہا ہے کہ عوامی فیصلوں کا احترام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ، پی پی، ایم کیو ایم کی عبرت ناک جیت نے انہیں مزید آشکار کردیا، نتائج تبدیل کرنے سے نظام نہیں چلتا، معاشی و سیاسی بحران منہ کھولے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام پر ظلم کرنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا، عوامی فیصلوں کا احترام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، قوم نے جن سے نجات کے لیے ووٹ دیے انہیں ہی مسلط کردیا گیا، الیکشن 2024ء الیکشن 2018ء پلس تھا۔
قیصر شریف کا کہنا تھا کہ 10 مارچ کو اسلام آباد میں غزہ مارچ ہوگا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق غزہ مارچ کی قیادت کریں گے جبکہ مارچ آب پارہ چوک سے امریکی سفارت خانہ تک ہوگا، قیصر شریف
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نومنتخب وزیراعظم نے پہلی تقریر میں اہل فلسطین کا نام تک نہیں لیا،8مارچ خواتین کے عالمی دن کو فلسطینی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کے نام پر منایا جائے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، اپنے حق سے دستبردار نہیں ہونگے ، دھاندلی پر شکایات والے جماعت اسلامی کے احتجاج کا حصہ بںیں، 10فروری سے چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔



















