صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرتگال کیلئے نامزد پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز اور میانمار کیلئے نامزد پاکستانی سفیر عمران حیدر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی سے پرتگال کیلئے نامزد پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ، پاکستان اور پرتگال کے مابین تجارت مزید بڑھانے کیلئے کام کریں
انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنےکیلئے کوشاں ہے ، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، پاکستان اور پرتگال کے مابین سیاسی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید تقویت دینا ہوگی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرتگال کیلئے نامزد پاکستانی سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پرتگال کی کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کے تربیت یافتہ انسانی وسائل سے مستفید ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے میانمار کیلئے نامزد پاکستانی سفیر عمران حیدر کی بھی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے پاکستان اور میانمار کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا قدیم بدھ مت ورثہ دونوں ملکوں کو سیاحتی اور ثقافتی میدانوں میں مزید قریب لا سکتا ہے،پاکستان او رمیانمار کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے کاروباری شعبے میں روابط بڑھانا ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میانمار میں نامزد سفیر کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



















