پشاور: مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہوگا۔
پشاور میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہو رہا ہے، غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مسجد قاسم علی خان میں ہوگا۔
بعد از نماز مغرب اجلاس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی کریں گے جب کہ شہر میں مطلع جزوی ابر آلود ہے۔
دوسری جانب رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے جس کی صدارت چیئرمین ڈاکٹرعبدالخبیر آزاد کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ مرکزی روئت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد کرنے کا مقصد ملک میں ایک ہی دن روزہ اور ایک روزعید کے بارے کوشش کرنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں آج چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، کراچی میں اس وقت مطلع صاف ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان کے چاند کی پیدائش کل دوپہر 2 بجے ہوچکی ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر لگ بھگ 29 گھنٹے ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چاند 74 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا جب کہ سورج غروب ہوتے وقت چاند افق سے 15.3 ڈگری اونچا ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی چوڑائی 1.5 فیصد ہوگی، سورج غروب ہونے کے 15 منٹ بعد چاند باآسانی دیکھا جاسکے گا۔



















