بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کا کہنا ہے کہ عدالت میں نکاح کیس سیاسی نوعیت کا نہیں ہے بلکہ اپنا گھر برباد کرنے والے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نکاح کیس کے حوالے سے سابقہ خاتون اول کے سابق شوہر خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں کیونکہ میں تو بانی پی ٹی آئی کو جانتا ہی نہیں اور نہ ان کے بارے میں سوچتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت بچوں کے اس حوالے سے کوئی علم نہیں تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا نکاح چھپ کر پہلے ہی ہوچکا تھا جو خلاف شریعت ہے جب کہ بچے بھی پریشان تھے کیوں کہ انہیں ہماری طلاق کا علم نہیں تھا۔
خاور مانیکا نے کہا کہ بچے مانتے ہی نہیں کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا نکاح ہوا ہے، جب عدالت سماعت کے لیے آیا تو پہلی بار بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کا نکاح نامہ دیکھا، بچوں کو عدالت سے حاضری کے بعد بشریٰ بی بی کے نکاح کا بتایا۔
سابقہ شوہر کا کہنا تھا کہ بچوں کو بتایا کہ یکم جنوری 2018 میں نکاح ہوچکا تھا بچے مان ہی نہیں رہے تھے کہ نکاح ہوا ہے، میں نے بچوں کو کہا کہ خود نکاح نامہ دیکھ کر آیا ہوں، میرے بچے پچھلے 5 سال سے مصیبت میں ہیں۔



















