Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

‘ملاقاتوں پر پابندی نہ ہٹائی تو اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرینگے’

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہےکہ اگر ملاقاتوں پر سے پابندی نہ ہٹائی گئی تو اڈیالہ جیل کے باہراحتجاج کی کال دیں گے۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیس میں پیش رفت نہ ہونے پر ورکرز کا ردِ عمل ان کا حق ہے، پنجاب حکومت نے 2 سال میں عوام پر بہت زیادہ ظلم ڈھائے ہیں۔

واضح رہےکہ دہشتگردی کے خطرہ کے پیشِ نظر اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی ملاقاتوں پر دو ہفتے کے لئے پابندی لگادی گئی ہے۔

 اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی آئی جی جیل خانہ جات کی طرف سے جاری خط کے ذریعے لگائی گئی۔

آئی جی جیل خانہ جات نے خط میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دشمن ملک کی حمایت سے کچھ گروپس اڈیالہ جیل کے اندر اور باہر دہشتگردی کے واقعات کرسکتے ہیں ،خفیہ ایجنسیوں نے اڈیالہ جیل کے اندر یا باہر دہشتگرد حملوں کے خطرات کی معلومات حاصل کی ہیں۔

خط کے متن کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے انٹرویوز پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے،13 اپریل کو اڈیالہ جیل کے اندر اوراردگرد بم ڈسپوزل سکواڈ سرچ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشے کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے قیدیوں کی ملاقاتیں فوری طورپر روک دی گئیں۔

 

متعلقہ خبریں