حکومت سندھ نے صوبے بھر میں آئندہ ہفتے سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سنیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن۔ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا ڈی جی ایکسائز دفتر کا دورہ کیا.
شرجیل انعام میمن نے دفتر اور حکام سے مسائل سے متعلق معلومات لے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کو مکمل طور فعال کرنے کا فیصلہ ہے۔
کراچی میں شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس، سیکریٹری ایکسائز عاطف الرحمان، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن ریاض حسن کھوسو اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمے کی کاکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا انٹیلیجنس یونٹ بھی مکمل طور فعال کرنے کی ہدایات کی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایات کی کہ محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کو مکمل طور پر فعال کر کے بروئے کار لایا جائے، اور آئندہ ہفتے سے سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئیس، ہیروئن، چرس، افیم، کچے شراب، سمیت تمام اقسام کی منشیات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، کراچی میں نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کے 16 ٹیمس فعال کی جائیں گی۔
اجلاس میں گاڑیوں کی ری نیوئل کو ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی سے مشروط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور روٹ پرمٹ کو بھی ٹیکس کی ادائیگی سے مشروط کئے جانے کی تجویز دی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے باہمی تعاون کے لئے سیکریٹری ایکسائز کو سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی، اور کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے والے سرکاری محکموں سے بھی رابطے کئے جائیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ٹیکس نادہندہ گاڑیوں میں پچاس فیصد گاڑیاں کمرشل ہیں اور ٹیکس نادہندہ تمام گاڑیوں کو تحویل میں لیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا کہ بغیر رجسٹریشن کوئی بھی گاڑی شوروم سے نہیں نکلے گی، جلد قانون میں ترمیم کرکے نئی قانون سازی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جن افسران کو اضافی چارجز دی گئی ہیں ان سے اضافی چارجز فوری طور واپس لی جائیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ کچے شراب کے اڈوں کے خلاف بھی کارروائی کی بھی ہدایات کی اور اس سے ہونے والے جانی نقصانات کے روک تھام کے لئے بھی اقدامات کی ہدایات کیں۔



















