مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت اور آسانی فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں مریم نواز نے مارکیٹ کی ضروریات کا تعین کرکے انڈسٹریل سیکٹرزکی نشاندہی کی ہدایت دی جبکہ سرمایہ کاروں کو محفوظ انویسٹمنٹ کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سیکٹرز وائز میپنگ کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پلان طلب کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت اور آسانی فراہم کی جائے جبکہ پنجاب میں موجود صنعتوں کا ڈیٹا اور فیوچر انڈسٹری کے اعدادوشمار بھی مرتب کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام کے دورکا خاتمہ ہوا،حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پوری طرح یکسو ہے۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری انڈسٹری اور سی ای او پی بی آئی ٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔



















